راولپنڈی (سہ پہر) ریجنل پولیس آفیسر راولپنڈی ریجن بابر سرفراز الپا کا تھانہ آر اے بازار، تھانہ کینٹ اور تھانہ گنجمنڈی کا دورہ
راولپنڈی (سہ پہر) ریجنل پولیس آفیسر راولپنڈی ریجن بابر سرفراز الپا کا تھانہ آر اے بازار، تھانہ کینٹ اور تھانہ گنجمنڈی کا دورہ۔ آر پی او نے تھانہ جات میں پولیسنگ کے مختلف امور، فرنٹ ڈیسک، حوالات، ریکارڈ، مال مقدمات، روزنامچہ اور دیگر متعلقہ ریکارڈ کا تفصیلی جائزہ لیا اور افسران و اہلکاروں کو شہریوں کو بہترین سروسز کی فراہمی، قانون کی بالادستی اور جرائم کے مؤثر سدباب کے حوالے سے ضروری ہدایات جاری کیں۔ آر پی او بابر سرفراز الپا نے تھانہ جات کے فرنٹ ڈیسک کا معائنہ کرتے ہوئے شہریوں کی جانب سے دی جانے والی درخواستوں، متعلقہ افسران کو مارکنگ اور درخواستوں پر ہونے والی پیشرفت کا جائزہ لیا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ شہریوں کی شکایات پر فوری کارروائی کو یقینی بنایا جائے اور کسی بھی درخواست کو غیر ضروری طور پر زیر التوا نہ رکھا جائے۔ شہریوں کے ساتھ خوش اخلاقی اور عزت و احترام سے پیش آنا پولیس افسران و اہلکاروں کی بنیادی ذمہ داری ہے۔آر پی او نے حوالات اوریکارڈ تھانہ کا بھی تفصیلی معائنہ کیا اور ہدایت کی کہ حوالات میں موجود ملزمان کے حوالے سے تمام قانونی تقاضے مکمل کیے جائیں، ریکارڈ کی بروقت تکمیل اور باقاعدگی سے چیکنگ یقینی بنائی جائے جبکہ حوالات کی سکیورٹی اور نگرانی میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔دورانِ دورہ آر پی او نے زیر تفتیش مقدمات کا بھی تفصیلی جائزہ لیا اور تفتیشی افسران سے مقدمات میں ہونے والی پیشرفت کے بارے میں بریفنگ لی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ زیر تفتیش مقدمات کی تفتیش میرٹ، شفافیت اور جدید سائنسی و فرانزک طریقہ کار کو بروئے کار لاتے ہوئے مقررہ مدت کے اندر مکمل کی جائے۔ کمزور تفتیش یا غیر ضروری تاخیر کی صورت میں متعلقہ افسر کے خلاف محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔آرپی اوبابر سرفراز الپا نے تھانہ جات کی حدود میں جرائم پیشہ عناصر، منشیات فروشوں، اشتہاری و عدالتی مفروروں اور دیگر قانون شکن عناصر کے خلاف ہونے والی کارروائیوں کا بھی جائزہ لیا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں مزید تیز کی جائیں، سنگین مقدمات میں ملوث ملزمان کی گرفتاری کے لیے مؤثر حکمت عملی اختیار کی جائے اور منشیات، اسلحہ، ڈکیتی، راہزنی، چوری اور دیگر جرائم کے سدباب کے لیے مؤثر پٹرولنگ اور سرچ و کومبنگ آپریشنز جاری رکھے جائیں۔ریجنل پولیس آفیسر نے واضح کیا کہ تھانہ پولیسنگ میں بہتری، شہریوں کو فوری انصاف کی فراہمی، جرائم کا خاتمہ اور پولیس کے رویوں میں بہتری اولین ترجیحات ہیں۔ افسران اپنے تھانوں کی نگرانی مؤثر بنائیں، ریکارڈ کو اپ ڈیٹ رکھیں اور عوامی شکایات کے ازالے میں کسی قسم کی غفلت نہ برتیں۔آر پی او بابر سرفراز الپا نے کہا کہ پولیس افسران کی کارکردگی کا بنیادی پیمانہ شہریوں کو فراہم کیا جانے والا تحفظ، فوری رسپانس، میرٹ پر کارروائی اور جرائم کے خلاف مؤثر اقدامات ہیں۔ انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ جرائم کے خاتمے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔