LOADING

Type to search

پاکستان

اسلام آباد (سہ پہر) پنجابی ادب کے معتبر عالمی اعزاز ڈاھاں پرائز فار پنجابی لٹریچر 2026 کے لیے دو پاکستانی ادیبوں اکمل شہزاد گھمن اور امبر حسینی کو فائنلسٹ قرار دے دیا گیا ہے۔

اسلام آباد (سہ پہر) پنجابی ادب کے معتبر عالمی اعزاز ڈاھاں پرائز فار پنجابی لٹریچر 2026 کے لیے دو پاکستانی ادیبوں اکمل شہزاد گھمن اور امبر حسینی کو فائنلسٹ قرار دے دیا گیا ہے۔ ایوارڈ کی تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے کہ پاکستان سے دو ادیب بیک وقت منتخب ہوئے ہیں۔معروف پنجابی ادیب اور براڈکاسٹر اکمل شہزاد گھمن کو ان کے شاہ مکھی ناول” پرچھاواں ”کے لیے منتخب کیا گیا۔ جبکہ پاکستانی ادیبہ امبر حسینی اپنے شاہ مکھی ناول” نواں پنڈ” کے ساتھ فائنل میں پہنچی ہیں۔مقابلے کی تیسری فائنلسٹ بھارت سے تعلق رکھنے والی ادیبہ راج پریت کور بینپال ہیں، جنہیں گورمکھی میں لکھی گئی مختصر کہانیوں کے مجموعے” قبراں وچ اُگے پھُل”کے لیے منتخب کیا گیا ہے۔
ڈاھاں پرائز کے مطابق رواں برس پاکستان، بھارت، کینیڈا، آسٹریلیا، امریکا اور برطانیہ سے موصول ہونے والی 58 اہل تخلیقات میں سے تین کتابوں کا انتخاب کیا گیا ہے۔ منتخب تخلیق کاروں کے درمیان مجموعی طور پر 51 ہزار کینیڈین ڈالر کی انعامی رقم تقسیم کی جائے گی۔ اول آنے والے ادیب کو 25 ہزار کینیڈین ڈالر جبکہ دوم اور سوم آنے والے لکھاریوں کو 10،10 ہزار کینیڈین ڈالر دیے جائیں گے۔ اس کے علاوہ تینوں منتخب کتابوں کو گورمکھی یا شاہ مکھی رسم الخط میں منتقل کرنے کے لیے 6 ہزار کینیڈین ڈالر مختص کیے گئے ہیں، جس سے دنیا بھر میں پنجابی پڑھنے والے قارئین تک ان تخلیقات کی رسائی مزید وسیع ہوگی۔
ایوارڈ کے فاتح کا اعلان 18 نومبر 2026 کو کینیڈا میں منعقد ہونے والی خصوصی تقریب میں کیا جائے گا۔
ڈاھاں پرائز کے بانی برج ایس ڈاھاں نے کہا ہے کہ منتخب لکھاری پنجابی فکشن کی تخلیقی صلاحیت اور تنوع کی نمائندگی کرتے ہیں اور یہ ثابت کرتے ہیں کہ پنجابی ادب کی روایت آج بھی دنیا بھر کے قارئین کو جوڑنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔
ڈاھاں پرائز فار پنجابی لٹریچر کا آغاز 2013 میں ہوا تھا اور اسے گورمکھی اور شاہ مکھی دونوں رسم الخط میں پنجابی فکشن کے لیے دنیا کے معتبر ادبی اعزازات میں شمار کیا جاتا ہے۔ یہ انعام کینیڈا انڈیا ایجوکیشن سوسائٹی کی جانب سے یونیورسٹی آف برٹش کولمبیا کے شعبہ ایشین اسٹڈیز کے اشتراک سے دیا جاتا ہے۔

X