رحیم یارخان (سہ پہر) جشن آزادی کے موقع پر ستھرا پنجاب تحصیل رحیم یار خان کی جانب سے شہریوں کو شجرکاری کی طرف راغب کرنے اور شہر کو سرسبز و شاداب بنانے کے لیے دعا چوک میں پودے تقسیم کیے گئے۔
رحیم یارخان (سہ پہر) جشن آزادی کے موقع پر ستھرا پنجاب تحصیل رحیم یار خان کی جانب سے شہریوں کو شجرکاری کی طرف راغب کرنے اور شہر کو سرسبز و شاداب بنانے کے لیے دعا چوک میں پودے تقسیم کیے گئے۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر رحیم یار خان عبدالحنان، ڈائریکٹر ستھرا پنجاب نبیل سلیم،سہیل سلیم آپریشن مینجر سمیع اللہ چوہدری،پروجیکٹ مینجر ذوہیب خالد اور ڈپٹی آپریشن قمبر ہمدانی نے شہریوں میں تقریباً 500سے زائد پودے تقسیم کیے۔دعا چوک میں منعقدہ شجرکاری سرگرمی کے دوران ستھرا پنجاب کے افسران و عملہ نے شہریوں کو پودوں کی اہمیت، شجرکاری کے فوائد اور ماحول کو صاف ستھرا رکھنے کے حوالے سے آگاہی فراہم کی۔ شہریوں نے ستھرا پنجاب کی جانب سے جشن آزادی کے موقع پر پودے تقسیم کرنے کے اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی مثبت سرگرمیوں سے نہ صرف شہر کی خوبصورتی میں اضافہ ہوگا بلکہ ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے میں بھی مدد ملے گی۔بعد ازاں ستھرا پنجاب کے مرکزی دفتر میں جشن آزادی کے حوالے سے تقریب منعقد ہوئی، جہاں اسسٹنٹ کمشنر رحیم یار خان عبدالحنان نے کیک کاٹا۔ اس موقع پر ستھرا پنجاب کے افسران و ملازمین نے پاکستان کی آزادی کی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے قومی جذبے کے ساتھ اپنے فرائض انجام دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر رحیم یار خان عبدالحنان نے کہا کہ جشن آزادی کا دن ہمارے لیے باعثِ فخر ہے۔ آزادی اللہ تعالیٰ کی بہت بڑی نعمت ہے اور ہمیں اس نعمت کی قدر کرتے ہوئے اپنے ملک کی ترقی اور بہتری کے لیے کردار ادا کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ شہری جشن آزادی کے موقع پر قومی پرچم لہرانے کے ساتھ ساتھ زیادہ سے زیادہ پودے لگائیں اور ان کی حفاظت و نگہداشت بھی یقینی بنائیں۔عبدالحنان نے کہا کہ درخت ماحول کو صاف رکھنے، فضائی آلودگی کم کرنے اور شہریوں کو صاف و صحت مند ماحول فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ اپنے گھروں، دکانوں، گلی محلوں اور دستیاب خالی جگہوں پر پودے لگائیں تاکہ رحیم یار خان کو مزید سرسبز، خوبصورت اور صاف ستھرا شہر بنایا جا سکے۔ڈائریکٹر ستھرا پنجاب سہیل سلیم نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ستھرا پنجاب رحیم یار خان میں صفائی ستھرائی کے حوالے سے بہترین خدمات سرانجام دے رہا ہے اور شہریوں کو صاف ستھرا ماحول فراہم کرنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صفائی کے ساتھ ساتھ ماحول کو سرسبز بنانا بھی ہماری مشترکہ ذمہ داری ہے۔سہیل سلیم نے نوجوانوں اور شہریوں پر زور دیا کہ جشن آزادی کے موقع پر ون ویلنگ، ہوائی فائرنگ یا دیگر غیر ذمہ دارانہ سرگرمیوں کے بجائے مثبت اور تعمیری سرگرمیوں کو فروغ دیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہر شہری کم از کم ایک پودا لگانے اور اس کی حفاظت کرنے کا عہد کر لے تو آنے والے وقت میں شہر کی خوبصورتی، سرسبزی اور ماحولیاتی معیار میں نمایاں بہتری لائی جا سکتی ہے۔تقریب کے اختتام پر پاکستان کی ترقی، خوشحالی، امن و سلامتی اور وطن عزیز کی حفاظت کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔ شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ جشن آزادی کے حقیقی جذبے کو برقرار رکھتے ہوئے اپنے شہر کو صاف، سرسبز اور خوبصورت بنانے میں بھرپور کردار ادا کیا جائے گا۔