اسلام آباد (سہ پہر) پولیس کے زیرِ اہتمام سمر کیمپ 2026 کامیابی سے جاری ہے۔سمر کیمپ میں اب تک 800 سے زائد بچے حصہ لے چکے ہیں۔
اسلام آباد (سہ پہر) پولیس کے زیرِ اہتمام سمر کیمپ 2026 کامیابی سے جاری ہے۔سمر کیمپ میں اب تک 800 سے زائد بچے حصہ لے چکے ہیں۔ کیمپ کا مقصد بچوں کی جسمانی نشوونما، ذہنی تربیت، مثبت طرزِ زندگی کو فروغ دینا اور کمیونٹی پولیسنگ کو مزید مضبوط بنانا ہے۔ سمر کیمپ کا پہلا بیج کامیابی سے مکمل ہو چکا ہے جبکہ دوسرا بیج بھرپور انداز میں جاری ہے، جہاں بچے مختلف تعلیمی، جسمانی اور تخلیقی سرگرمیوں میں حصہ لے رہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد سید علی ناصر رضوی کے پبلک سنٹرک پولیسنگ ویژن اور خصوصی ہدایات کی روشنی میں اسلام آباد پولیس لائنز ہیڈکوارٹرز میں منعقدہ سمر کیمپ میں بچوں کو صحت مند، محفوظ اور مثبت ماحول فراہم کیا جا رہا ہے تاکہ وہ اپنی صلاحیتوں کو مزید نکھار سکیں۔سمر کیمپ میں بچوں کو تیراکی، مارشل آرٹس، فٹبال، تیراندازی، گھڑسواری، جمناسٹکس، آبسٹیکل کورس سمیت مختلف جسمانی سرگرمیوں کی تربیت دی جا رہی ہے۔ اس کے علاوہ فرسٹ ایڈ، ٹریفک قوانین، اخلاقی تربیت، نظم و ضبط، ٹیم ورک، خود اعتمادی اور قائدانہ صلاحیتوں کے فروغ پر بھی خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔سمر کیمپ میں صبح اور شام دونوں اوقات میں کلاسز اور تربیتی سرگرمیاں جاری ہیں،جہاں بچے نہ صرف تفریح حاصل کر رہے ہیں بلکہ ایک صحت مند، منظم اور ذمہ دار طرزِ زندگی اپنانے کی عملی تربیت بھی حاصل کر رہے ہیں۔سمیر کیمپ میں شامل بچوں نے اپنے تاثرات میں کہا کہ اسلام آباد پولیس کے سمر کیمپ سے انہیں بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملا ہے، جہاں کھیلوں کے ساتھ ساتھ خود اعتمادی، نظم و ضبط اور سیلف ڈیفنس جیسی اہم مہارتیں بھی سیکھنے کو مل رہی ہیں۔ایس پی ہیڈکوارٹرز پری گل نے کہا کہ سمر کیمپ کا بنیادی مقصد بچوں میں خود اعتمادی پیدا کرنا، انہیں مثبت سرگرمیوں کی طرف راغب کرنا اور پولیس اور شہریوں کے درمیان اعتماد اور وابستگی کو مزید مضبوط بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بچوں کو سیلف ڈیفنس کی تربیت ایسے ماہرین کے ذریعے دی جا رہی ہے جو عملی میدان میں اپنی ذمہ داریاں انجام دے رہے ہیں، تاکہ بچے اپنی حفاظت کے ساتھ ساتھ ایک محفوظ اور پ±راعتماد شہری بن سکیں۔انہوں نے مزید کہا کہ اسلام آباد پولیس سال 2002 سے مسلسل سمر کیمپ کا انعقاد کر رہی ہے اور ہر سال شہریوں کے بھرپور اعتماد کی بدولت اس کا دائرہ مزید وسیع ہو رہا ہے۔ سمر کیمپ 2026 کا پہلا بیج کامیابی سے مکمل ہو چکا ہے جبکہ دوسرا بیج جاری ہے، جہاں بچوں کی بڑی تعداد مختلف تربیتی اور تفریحی سرگرمیوں میں بھرپور حصہ لے رہی ہے۔









