رحیم یار خان (سہ پہر) نیشنل ہسپتال کارڈیک کمپلیکس اینڈ نیشنل ڈائگنوسٹک کمپلیکس کے زیرِ اہتمام یونی لیور میں ایک روزہ فری میڈیکل کیمپ کا انعقاد کیا گیا
رحیم یار خان (سہ پہر) نیشنل ہسپتال کارڈیک کمپلیکس اینڈ نیشنل ڈائگنوسٹک کمپلیکس کے زیرِ اہتمام یونی لیور میں ایک روزہ فری میڈیکل کیمپ کا انعقاد کیا گیا، جس میں شہر کے معروف ڈاکٹرز اور طبی ماہرین نے شرکت کرتے ہوئے ملازمین کو مفت طبی سہولیات فراہم کیں۔کیمپ میں ڈاکٹر ظہور بلوچ، ڈاکٹر حافظ ذیشان، ڈاکٹر عمران اکرم، ڈاکٹر فرخ مقبول، ڈاکٹر ماریہ مقصود، ڈاکٹر کائنات عثمان، ڈاکٹر مصباح شاہد اور ماہرِ غذائیت ڈی این سمیرا اختر نے مریضوں کا معائنہ کیا اور انہیں صحت سے متعلق مفید مشورے دیے۔ اس موقع پر مریضوں کو مفت طبی معائنہ، مفت ادویات، بلڈ پریشر، بلڈ شوگر اور دیگر ضروری خون کے ٹیسٹوں کی سہولت بھی فراہم کی گئی، جبکہ مختلف بیماریوں سے بچاؤ اور صحت مند طرزِ زندگی کے حوالے سے آگاہی بھی دی گئی۔تقریب میں اسد تقی، ہارون عبداللہ، سیف اللہ خالد، رافع وقار، ڈاکٹر بلال احمد، ڈاکٹر ربیعہ معین، محمد شاہد، جاوید سومرو اور ظفر شریف نے بھی شرکت کی اور کیمپ کے انعقاد کو سراہا۔اس موقع پر، مینجنگ ڈائریکٹر انیس کورائی اور ڈاکٹر ظہور احمد نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نیشنل ہسپتال کارڈیک کمپلیکس اور نیشنل ڈائگنوسٹک کمپلیکس کا مقصد عوام اور مختلف اداروں کو معیاری طبی سہولیات ان کی دہلیز پر فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے فری میڈیکل کیمپس کے ذریعے بیماریوں کی بروقت تشخیص، علاج اور صحت سے متعلق شعور اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ مستقبل میں بھی مختلف اداروں میں ایسے فلاحی میڈیکل کیمپس کا انعقاد جاری رکھا جائے گا تاکہ زیادہ سے زیادہ افراد مفت اور معیاری طبی سہولیات سے مستفید ہو سکیں۔