اسلام آباد (سہ پہر) آئی جی اسلام آباد کی ہدایات پر عیدالاضحیٰ کے موقع پر اسلام آباد پولیس کی جانب سے شہدائے پولیس کے اہل خانہ کے گھروں کے دورے
اسلام آباد (سہ پہر) آئی جی اسلام آباد کی ہدایات پر عیدالاضحیٰ کے موقع پر اسلام آباد پولیس کی جانب سے شہدائے پولیس کے اہل خانہ کے گھروں کے دورے، بچوں میں تحائف تقسیم اور شہداءپولیس کی عظیم قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد سید علی ناصر رضوی کی خصوصی ہدایات پر اسلام آباد پولیس کی جانب سے عیدالاضحیٰ کے موقع پر شہدائے پولیس کے اہل خانہ اور بچوں کی حوصلہ افزائی کے سلسلے میں خصوصی اقدامات جاری ہیں، اس سلسلے میں اسلام آباد پولیس کے افسران نے مختلف شہداءکے گھروں کا دورہ کیا، اہل خانہ سے ملاقاتیں کیں اور شہداءکی عظیم قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا، دوروں کے دوران شہداءکے بچوں سے خصوصی ملاقات کی گئی اور عیدالاضحیٰ کی مناسبت سے انہیں تحائف پیش کیے گئے جبکہ اہل خانہ کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا گیا، اس موقع پر پولیس افسران نے کہا کہ شہداءپولیس قوم کا فخر ہیں جنہوں نے وطن عزیز کے امن، شہریوں کے تحفظ اور قانون کی سربلندی کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا، ان کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی،اسلام آباد پولیس کی جانب سے شہداءکے اہل خانہ کی فلاح و بہبود، عزت و تکریم اور ہر ممکن معاونت کو اپنی اولین ترجیحات میں شامل رکھا گیا ہے، جبکہ عید جیسے خوشیوں بھرے مواقع پر شہداءکے بچوں کے ساتھ خوشیاں بانٹنا اور انہیں یہ احساس دلانا کہ پوری پولیس فورس ان کے ساتھ کھڑی ہے، اس عزم کا عملی اظہار ہے،آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی نے کہا ہے کہ شہداءہمارے اصل ہیروز ہیں اور ان کے اہل خانہ کی خدمت، دلجوئی اور نگہداشت اسلام آباد پولیس کی اجتماعی ذمہ داری ہے، انہوں نے مزید کہا کہ شہداءپولیس کی لازوال قربانیوں کی بدولت ہی معاشرے میں امن قائم ہے اور پوری قوم اپنے ان بہادر سپوتوں کو سلام پیش کرتی ہے۔



