اسلام آباد (سہ پہر) غیر قانونی گردہ فروشی کا گینگ بے نقاب، ایف آئی اے کی کارروائی میں 9 ملزمان گرفتار
اسلام آباد (سہ پہر) غیر قانونی گردہ فروشی کا گینگ بے نقاب، ایف آئی اے کی کارروائی میں 9 ملزمان گرفتار
وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف آئی اے نے وفاقی دارالحکومت میں انسانی اعضاء کی غیر قانونی خرید و فروخت میں ملوث گینگ کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے 9 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ گرفتار افراد میں ڈاکٹرز، نرسز اور ہسپتال کا عملہ شامل ہے۔
ذرائع کے مطابق یہ کارروائی قائداعظم انٹرنیشنل ہسپتال میں کی گئی۔ الزام ہے کہ غریب اور بے سہارا افراد، خصوصاً جنوبی پنجاب سے تعلق رکھنے والے شہریوں کو نشانہ بنا کر ان کے گردے غیر قانونی طور پر نکالے جاتے تھے۔
ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان میں ڈاکٹر زبیر، ڈاکٹر نادر، ڈائریکٹر عادل شیراز اور دیگر عملہ شامل ہے۔ اس دھندے کو انسانی جانوں سے کھیلنے کے مترادف قرار دیا گیا ہے۔
تحقیقات کا دائرہ وسیع کر دیا گیا ہے۔ حکام کے مطابق گینگ کے سہولت کاروں، مالی معاونین اور خریداروں تک بھی پہنچنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ مزید گرفتاریوں کا امکان ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مذکورہ ہسپتال اور بعض ڈاکٹروں کے خلاف ماضی میں بھی شکایات سامنے آ چکی تھیں الزامات ثابت ہونے پر ملوث عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔