کراچی (سہ پہر) رقص کے عالمی دن پر اسپاٹیفائی پاکستان سے متعلق دلچسپ حقائق سامنے لے آیا
کراچی، 30 اپریل، 2026 (سہ پہر)۔ پاکستان میں بھنگڑے کی اسٹریمنگ میں 270 فیصد اضافہ۔ لاہور سب سے آگے، بھنگڑے کے گانوں کو 17ملین سے زیادہ سناگیا
رقص کے عالمی دن کے موقع پر اسپاٹیفائی پاکستان سے متعلق دلچسپ حقائق سامنے لایا ہے۔ اعداد و شمار کے مطابق یہ بات سامنے آئی ہے کہ پاکستان میں لوگوں کی دھڑکن آج بھی بھنگڑے کی تھاپ پر چل رہی ہے۔شادیوں کا سیزن ہو، کرکٹ کی جیت کا جشن، بسنت کی خوشیاں یا روزمرہ کی محفلیں ہوں، پاکستان میں رقص ہمیشہ خوشی اور پہچان کا ایک بھرپور اظہار رہا ہے۔ لیکن اب ایسے مواقع پر بھنگڑا ایک نمایاں اور پسندیدہ انداز بنتا جا رہا ہے۔
گزشتہ تین برسوں میں پاکستان میں بھنگڑے کے گانوں کی اسٹریمنگ میں 270 فیصد سے زیادہ اضافہ ہوا ہے، جس نے اسے ملک کی سب سے مقبول ڈانس صنف میں شامل کیا ہے۔ یہ اضافہ سامعین کی تعداد کے ساتھ ساتھ اسکے پھیلاؤ میں بھی سامنے آیا ہے۔ نئے سامعین کی تعداد میں تقریباً 350 فیصد اضافہ ہوا ہے، جو اس بات کی علامت ہے کہ اس صنف کی موسیقی اب بڑے پیمانے پر لوگوں کو محظوظ کررہی ہے۔
یہ رجحان سامعین کے مزاج میں بھی نظر آتا ہے۔ اسپاٹیفائی کے صارفین کی جانب سے بنائی گئی ایسی پلے لسٹس، جن کے نام میں ”بھنگڑا” شامل ہے، ان میں تقریباً 120 فیصد اضافہ ہوا ہے، اس سے یہ بات سامنے آتی ہے کہ لوگ اپنے طور پر بھی موسیقی کے اس انداز سے لطف اندوز ہورہے ہیں۔
اس ثقافتی تحریک کا مرکز لاہور ہے، جسے پاکستان کا ثقافتی دل کہا جاتا ہے۔ اب یہ شہر بھنگڑے کا بھی سب سے بڑا مرکز بن چکا ہے۔ لاہور میں بھنگڑے کے گانوں کو 17 ملین سے زائد مرتبہ سنا گیا ہے۔ اس کے بعد اسلام آباد، کراچی، فیصل آباد اور راولپنڈی کا نمبر آتا ہے۔
بڑے شہروں کے علاوہ، دیگر علاقوں میں بھی بھنگڑے کی مقبولیت تیزی سے بڑھ رہی ہے۔ گلگت میں اس صنف کے گیتوں کی ریکارڈ سماعت بڑھ کر 280 فیصد تک پہنچ گئی ہے۔ یہ اس بات کا ثبوت ہے کہ بھنگڑا صنف اب پنجاب سے باہر بھی اپنی جگہ بنا رہی ہے۔
شادیوں کے عروج کے سیزن (نومبر سے فروری) میں ابرار الحق کا مشہور گانا ”نچ پنجابن” کو مرکزی اہمیت حاصل ہوئی اور یہ سب سے زیادہ اسٹریم شدہ پاکستانی بھنگڑا گیت رہا،جس سے اس کلاسک گانے کی آج بھی بھرپور مقبولیت ظاہر ہوتی ہے۔
پاکستان میں موسیقی کے رجحانات روایت اور نئے انداز کا خوبصورت امتزاج ہیں، جہاں پرانے گانے بھی بدستور زندہ ہیں اور نئی دھنیں بھی اپنی جگہ بنا رہی ہیں۔ یہاں موسیقی صرف سنی نہیں جاتی بلکہ یہ زندگی کا حصہ بن جاتی ہے۔ اسپاٹیفائی صارفین کو اپنے ذاتی نوعیت کے تجربات کے ذریعے یہ موقع فراہم کر رہا ہے کہ وہ اپنی ثقافت، خوشی اور شناخت کو اپنے انداز میں محسوس کریں اور ان لمحات کو یادگار بنائیں۔