نیویارک (سہ پہر)اقوامِ متحدہ کے ہیڈکوارٹرز، نیویارک میں منعقدہ یو این ایکوساک یوتھ فورم 2026 میں پاکستان کے یوتھ وفد کی فعال شرکت
نیویارک (سہ پہر) اقوامِ متحدہ کی اقتصادی و سماجی کونسل (ایکو ساک) یوتھ فورم 2026 کامیابی کے ساتھ 14 سے 16 اپریل تک اقوامِ متحدہ کے ہیڈکوارٹرز، نیویارک میں منعقد ہوا، جس میں دنیا بھر سے نوجوان رہنماؤں، پالیسی سازوں اور مختلف شعبہ جات سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔ یہ فورم 2030 کے پائیدار ترقیاتی ایجنڈا کے فروغ میں نوجوانوں کی شمولیت کے لیے ایک نمایاں پلیٹ فارم کے طور پر خدمات انجام دیتا ہے۔
اس سال کے فورم میں پائیدار ترقی کے لیے نوجوانوں کی قیادت میں حل کو تیز کرنے پر توجہ دی گئی، جو پائیدار ترقیاتی اہداف (SDGs) سے ہم آہنگ ہیں، خصوصاً جامع ترقی، ماحولیاتی اقدامات، ڈیجیٹل تبدیلی، اور پالیسی سازی میں نوجوانوں کی مؤثر شمولیت پر زور دیا گیا پاکستان کی نمائندگی وزیرِ اعظم یوتھ پروگرام (PMYP) کے تحت نامزد ایک متحرک یوتھ وفد نے کی، جس کی قیادت چیئرمین PMYP جناب رانا مشہود احمد خان نے کی وفد میں شامل اراکین درج ذیل تھے جناب راؤ امثل زماں، ڈپٹی ڈائریکٹر PMYP، محترمہ بسمہ قمر، ممبر نیشنل یوتھ کونسل (امریکہ چیپٹر)، جناب فخر جبران، ممبر نیشنل یوتھ کونسل (آزاد جموں و کشمیر چیپٹر)، جناب فساحت الحسن، کوآرڈینیٹر برائے چیئرمین PMYP برائے OIC، اور جناب رحیم ستار، یوتھ ڈیلیگیٹ (شکاگو، امریکہ)۔
ان کے ساتھ اقوامِ متحدہ میں پاکستان کے مستقل مشن کے حکام نے بھی شرکت اور معاونت فراہم کی، جن میں محترمہ صائمہ سلیم، کاؤنسلر شامل تھیں تین روزہ فورم کے دوران پاکستانی یوتھ وفد نے بھرپور اور بامقصد شرکت کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے اعلیٰ سطحی اجلاسوں میں شرکت کی، موضوعاتی اور سائیڈ ایونٹس میں اپنا کردار ادا کیا، مختلف متوازی سیشنز میں مباحثوں کی نظامت کی، اور اہم بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ دوطرفہ اور کثیرالجہتی ملاقاتوں میں حصہ لیا وفد نے مختلف ممتاز شخصیات سے بامقصد ملاقاتیں کیں، جن میں ایکوساک یوتھ فورم کے صدر، اقوامِ متحدہ کے یوتھ آفس کی سینئر قیادت (اسسٹنٹ سیکریٹری جنرل کی سطح)، اسلامی تعاون یوتھ فورم (ICYF) کے صدر، زیمبیا کے وزیر برائے امور نوجوانان، اور مملکتِ سعودی عرب، ترکی، آذربائیجان، برطانیہ، فرانس سمیت دیگر ممالک کے یوتھ نمائندگان شامل تھے۔ ان ملاقاتوں کا مقصد بین الاقوامی تعاون کو فروغ دینا اور بہترین تجربات کا تبادلہ تھا فورم کے موقع پر پاکستان کے مستقل مندوب برائے اقوامِ متحدہ، عزت مآب جناب عاصم افتخار احمد نے PMYP وفد کے اعزاز میں استقبالیہ عشائیہ دیا۔ اس موقع پر ڈاکٹر شبانہ سلیم، ڈائریکٹر جنرل (آبادی)، وزارتِ قومی صحت خدمات، سمیت دیگر سینئر حکام بھی موجود تھے، جن میں جناب عثمان جدون (ڈپٹی مستقل مندوب)، محترمہ صائمہ سلیم، جناب راشد، اور جناب عمران شامل تھے پاکستانی یوتھ وفد کی شرکت اس امر کی عکاسی کرتی ہے کہ ملک نوجوانوں کو بااختیار بنانے اور عالمی ترقیاتی مباحث میں ان کی بامعنی شمولیت کو یقینی بنانے کے لیے پُرعزم ہے۔ ایکوساک یوتھ فورم 2026 میں ان کی مؤثر شرکت نے نوجوانوں کی قیادت میں اقدامات کے فروغ اور پائیدار ترقی کے لیے بین الاقوامی تعاون کو مضبوط بنانے میں پاکستان کے فعال کردار کو اجاگر کیا۔