کراچی (سہ پہر) پاک-چین مشترکہ بحری مشق سی گارڈین 4 کراچی میں اختتام پذیر
کراچی (سہ پہر) پاک بحریہ اور پی ایل اے (نیوی) پی ایل اے (نیوی) کے مابین 25 مارچ تا یکم اپریل 26 بحری مشق سی گارڈین 4 منعقد ہوئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق اس مشق کا مقصد دونوں بحری افواج کے مابین باہمی اشتراکِ اور میری ٹائم تعاون کو فروغ دینا تھا۔ مشق دو مراحل پر مشتمل تھی، جس میں پانچ روزہ کراچی پورٹ کا دورہ اور شمالی بحیرۂ عرب میں دو روزہ سی فیز شامل تھے۔
مشق سی گارڈین 4 میں شمولیت کے لیے پی ایل اے (نیوی) کے جہاز داچنگ کی آمد پر پی این ایس تیمور نے پرتپاک استقبال کیا۔ مشق کے دوران مختلف دوطرفہ سرگرمیاں منعقد ہوئیں جن میں دونوں ممالک کےبحری جہازوں پر دورے، بحری چیلنجز پر پیشہ ورانہ مباحثے، بحری تنصیبات کے دورے، پہلے ینگ آفیسرز سیمینار کا انعقاد اور سی فیز کی تیاری شامل تھی۔
پورٹ وزٹ کے اختتام پر پاک بحریہ اور پی ایل اے (نیوی) کے جہازوں نے مشق سی گارڈین کے سی فیز میں حصہ لیا۔ سی فیز کے دوران اہم سرگرمیوں میں فضائی دفاعی مشقیں بشمول متعدد محاذوں ہرحملوں سے نمٹنے کی حکمتِ عملی، پاک بحریہ کی آبدوز کے ساتھ مشقیں، روایتی جنگی مشقیں اور لائیو گنری فائرنگ شامل تھی، جس سے دونوں بحری افواج کے مابین تعاون مضبوط ہوا۔
مشق سی گارڈین 4 کے کامیاب اختتام کے بعد پاک بحریہ اور پی ایل اے (نیوی) نے بحیرۂ عرب میں مشترکہ پیٹرول بھی کیا، جو خطے میں سمندری سلامتی اور استحکام کے لیے دونوں بحری افواج کے عزم کا مظہر ہے۔