LOADING

Type to search

پاکستان

اسلام آباد (سہ پہر) اسلام آباد کے بزنس مین عامر اعوان کے قتل کا معمہ حل، اندرونی کہانی سامنے آگئی

اسلام آباد (سہ پہر): معروف بزنس مین عامر اعوان کے قتل کا کیس حل کرتے ہوئے واردات میں ملوث ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا، ملزمان ایک منظم ڈکیتی گینگ چلاتے تھے۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت کی پولیس نے معروف بزنس مین عامر اعوان کے قتل کا معمہ حل کرلیا اور واردات میں ملوث منظم ڈکیتی گینگ کے ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔

پولیس ذرائع نے بتایا کہ ملزمان کا تعلق خیبرپختونخوا سے ہے جنہیں چارسدہ اور مردان کے مختلف علاقوں میں کارروائی کرتے ہوئے حراست میں لیا گیا۔

گرفتار ملزمان کو اسلام آباد منتقل کر دیا گیا ہے جہاں ان سے مزید تفتیش کی جا رہی ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ یہ ملزمان ایک منظم ڈکیتی گینگ چلاتے تھے اور واردات کے دوران مزاحمت پر قتل کی سنگین وارداتوں میں ملوث رہے ہیں۔

کیس کی سائنسی بنیادوں پر تفتیش کے دوران پولیس نے اب تک مجموعی طور پر 5 افراد کو حراست میں لیا ہے جن کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد ہوا ہے۔

مقتول عامر اعوان کی بیوہ اور واقعے کے وقت ڈیوٹی پر موجود سیکیورٹی گارڈز کے بیانات بھی ریکارڈ کا حصہ بنا لیے گئے ہیں۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ زیرِ حراست افراد سے اس پہلو پر تفتیش جاری ہے کہ آیا وہ براہِ راست قتل میں ملوث ہیں یا ان کا کردار سہولت کاری کا تھا۔

پولیس نے عزم ظاہر کیا ہے کہ مقتول کے لواحقین کو انصاف فراہم کرنے کے لیے تمام قانونی تقاضے پورے کیے جائیں گے۔

X