اسلام آباد (سہ پہر) آئی جی کیپٹن ریٹائرڈ محمد سہیل چوہدری کی پولیس جوانوں کی فلاح و بہبود اور رہائشی سہولیات کی بہتری کے لیے عملی اقدامات۔
اسلام آباد (سہ پہر) آئی جی کیپٹن ریٹائرڈ محمد سہیل چوہدری کی پولیس جوانوں کی فلاح و بہبود اور رہائشی سہولیات کی بہتری کے لیے عملی اقدامات۔بیرکس کی ازسرِنو تعمیر اور اپ گریڈیشن کے کام کی آئی جی اسلام آباد کی روزانہ کی بنیاد پر خود نگرانی، تعمیراتی معیار اور مقررہ مدت میں تکمیل یقینی بنانے کی ہدایات ،تفصیلات کے مطابق انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد کیپٹن (ر) محمد سہیل چوہدری پولیس فورس کی فلاح و بہبود اور افسران و جوانوں کو بہتر رہائشی سہولیات کی فراہمی کے لیے جاری اقدامات کی خود نگرانی کر رہے ہیں۔ اس سلسلے میں پولیس بیرکس کی ازسرِنو تعمیر اور اپ گریڈیشن کے کام کا روزانہ کی بنیاد پر جائزہ لیا جا رہا ہے تاکہ پولیس افسران و جوانوں کو صاف ستھرا، محفوظ اور معیاری رہائشی ماحول فراہم کیا جا سکے۔آئی جی اسلام آباد نے متعلقہ افسران کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ تمام جاری ترقیاتی منصوبوں میں اعلیٰ معیار کو یقینی بنایا جائے اور تعمیراتی کام مقررہ ٹائم فریم کے اندر مکمل کیے جائیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ کام کے معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور منصوبوں کی پیش رفت کی باقاعدگی سے نگرانی کی جائے۔انہوں نے کہا کہ پولیس افسران و جوان شہریوں کے جان و مال کے تحفظ اور امن و امان کے قیام کے لیے شب و روز اپنے فرائض انجام دیتے ہیں۔ ان کی فلاح و بہبود، بہتر رہائشی ماحول اور بنیادی سہولیات کی فراہمی محکمہ کی اہم ذمہ داری ہے۔ معیاری رہائشی سہولیات کی فراہمی اسلام آباد پولیس کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔آئی جی اسلام آباد نے مزید ہدایت کی کہ بیرکس میں رہائش پذیر جوانوں کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے سہولیات کو بہتر بنایا جائے اور تمام ترقیاتی کام مؤثر منصوبہ بندی کے تحت مکمل کیے جائیں۔اسلام آباد پولیس اپنے افسران و جوانوں کی فلاح و بہبود، رہائشی سہولیات میں بہتری اور ایک سازگار ماحول کی فراہمی کے لیے اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے، تاکہ پولیس فورس مزید بہتر انداز میں شہریوں کی خدمت اور حفاظت کے فرائض انجام دے سکے

