راولپنڈی (سہ پہر) انسپکٹر جنرل آف پولیس پنجاب کے احکامات پر راولپنڈی ریجن کے سب انسپکٹر سے انسپکٹر کے عہدہ پر ترقی پانے والے افسران کے اعزاز میں ریجنل دفتر میں تقریب کا انعقاد
راولپنڈی (سہ پہر) انسپکٹر جنرل آف پولیس پنجاب کے احکامات پر راولپنڈی ریجن کے سب انسپکٹر سے انسپکٹر کے عہدہ پر ترقی پانے والے افسران کے اعزاز میں ریجنل دفتر میں تقریب کا انعقاد، تقریب میں ترقی پانے والے افسران کے اہل خانہ کو بھی مدعو کیا گیا، ریجنل پولیس آفیسر راولپنڈی ریجن بابر سرفراز الپا نے سٹی پولیس آفیسر راولپنڈی حسن مشتاق سکھیرا کے ہمراہ انسپکٹر کے عہدے پر ترقی پانے والے سب انسپکٹرز کو انسپکٹر رینک کے بیجز لگائے۔ اس موقع پر ترقی پانے والے افسران کو مبارکباد پیش کی گئی اور ان کی محکمانہ خدمات کو سراہا گیا۔آر پی او بابر سرفراز الپا نے اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ محکمانہ ترقی افسران کیئ پیشہ ورانہ صلاحیتوں، محنت، لگن اور خدمات کا اعتراف ہے۔ ترقی کے ساتھ ذمہ داریوں میں بھی اضافہ ہوتا ہے، لہٰذا ترقی پانے والے افسران کو چاہیے کہ وہ مزید محنت، دیانتداری اور فرض شناسی کے ساتھ اپنے فرائض سرانجام دیں۔انہوں نے کہا کہ پولیس فورس میں ترقی کا عمل افسران کی حوصلہ افزائی اور پیشہ ورانہ استعداد کار میں اضافے کا ذریعہ ہے۔ محکمہ پولیس میں میرٹ، شفافیت اور سنیارٹی کے اصولوں کے مطابق ترقی کے مواقع فراہم کرنا ادارے کی پیشہ ورانہ ترقی کے لیے اہم ہے۔آر پی او نے ترقی پانے والے افسران پر زور دیا کہ وہ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ، جرائم کی روک تھام، قانون کی بالادستی اور عوام کو بروقت انصاف کی فراہمی کے لیے اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائیں۔ عوام کے ساتھ خوش اخلاقی، شائستہ رویے اور خدمت کے جذبے کو ہر صورت مقدم رکھا جائے۔سی پی او راولپنڈی حسن مشتاق سکھیرا نے بھی ترقی پانے والے افسران کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ انسپکٹر کے عہدے پر ترقی ان کے لیے ایک نیا پیشہ ورانہ سنگ میل ہے۔ امید ہے کہ تمام افسران اپنی نئی ذمہ داریوں کو محنت، لگن اور پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ ادا کریں گے اور محکمہ پولیس کی نیک نامی اور عوامی اعتماد میں اضافے کے لیے اپنا کردار ادا کریں گے۔ترقی پانے والے افسران نے آر پی او راولپنڈی اور سی پی او راولپنڈی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ اپنی نئی ذمہ داریوں کو پوری دیانتداری، فرض شناسی اور جذبہ خدمت کے ساتھ ادا کریں گے۔ترقی پانے والے سب انسپکٹرز میں وحید امتیاز، امجد علی، نصیر احمد، محمد سفیر، ندیم اختر، واجد منیر، محمد نعمان، محمد عرفان، محسن محمود قریشی، جان محمد، محمد اسلم، فاروق اختر، بلال امجد، محمد جاوید جمال، جمال نواز، محمد علی، ارسلان احسن، سید ذکاء الحسن، محمد ولید افتخار، علی عباس، شفیق احمد ملک، راجہ یوسف محمود، نبیل، فیصل امین، محمد ساجد، مقبول حسین، محمد شفیق، محبوب حسین، اورنگزیب، عرفان منصب، شمشیر احمد، حاجرہ اعوان، سیدہ شبانہ بتول، واجد خان، محمد عدیل، مختار احمد، حسن رضا،صفدر حسین اور منیر احمد شامل ہیں۔