LOADING

Type to search

پاکستان

لاہور (سہ پہر) لمز کے زیراہتمام بین الاقوامی گرین پروڈکٹویٹی 2.0 کانفرنس منعقدہوگی 2 روزہ عالمی کانفرنس کا آغاز 28 نومبر کو ہوگا۔ کانفرس میں 80 سے زائد غیر ملکی ماہرین شرکت کریں گے

لاہور(سہ پہر)، 18 نومبر، 2025۔ لمز انرجی انسٹیٹیوٹ (ایل ای آئی ) کی طرف سے پاکستان کی نیشنل پروڈکٹویٹی آرگنائزیشن (این پی او) اور جاپان کی ایشین پروڈکٹویٹی آرگنائزیشن (اے پی او) کے اشتراک سے 28 اور 29 نومبر کو”انٹرنیشنل کانفرنس آن گرین پروڈکٹویٹی 2.0 “کاانعقاد کیا جارہا ہے۔

اس دو روزہ کانفرنس میں ایشیا، پیسیفک خطے، APO ممبر ممالک سمیت 80سے زائد غیرملکی مندوبین اور پاکستان سے مختلف شعبہ سے وابستہ اہم ماہرین شرکت کریں گے۔ اٹلی، جاپان، تھائی لینڈ، چائنہ اور پاکستان سمیت 21 ممالک کے ماہرین پائیدار ترقی، گردشی معیشت کی مثالیں، اور جدت سے آراستہ ترقی کے حوالے سے اپنے تجربات پیش کریں گے۔

اس کانفرنس میں وفاقی وزارتِ صنعت و پیداوار، وزارتِ منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات، وزارتِ توانائی (پاور ڈویژن)، وزارتِ پیٹرولیم اور وزارتِ موسمیاتی تبدیلی و ماحولیاتی تعاون کے اعلیٰ حکام بھی کانفرنس میں شریک ہوں گے، جس سے حکومت پاکستان کی اپنے ”گرین پروڈکٹویٹی 2.0 “ویژن کے ساتھ وابستگی ظاہر ہوتی ہے۔ اس موقع پر تعلیمی اورصنعتی اداروں کے درمیان اشتراک قائم کرنے اور خطے میں پائیدار صنعتی ترقی کے فروغ میں جدت کی اہمیت کو بھی اجاگر کیا جائے گا۔

کانفرنس میں مختلف اہم موضوعات پر تفصیلی نشستیں منعقد کی جائیں گی جن میں صنعتی شعبے میں کاربن کے اخراج میں کمی کے لیے گرین ہائیڈروجن کا استعمال، سرسبز ایشیا کے لیے وسائل کے بہتر استعمال، پائیدار ترقی میں مالیاتی اداروں کے کردار، اور پیداوار و مسابقت کے لیے ESG فریم ورکس جیسے اہم موضوعات قابل ذکر ہیں۔

لمز انرجی انسٹیٹیوٹ، پائیدار توانائی اور صنعتی تبدیلی کے شعبے میں تحقیق، شواہد پر مبنی پالیسی سازی اور استعداد کار میں نمایاں مقام رکھتا ہے۔ اس کانفرنس کے ممنتظمین اورلمز انرجی انسٹیٹیوٹ(LEI)،کے سینئر ایڈوائزر ڈاکٹر فیاض چوہدری اور جناب عالمگیر چوہدری، سی ای او, این پی او نے کہا کہ یہ کانفرنس پاکستان میں قابلِ تجدید توانائی کے منظم استعمال، ماحول دوست صاف ٹیکنالوجیز اور جدت سے لیس پیداواری شعبے میں پیش رفت اجاگرکرے گی۔

بین الاقوامی گرین پروڈکٹیویٹی 2.0 کانفرنس کا مقصد علاقائی تعاون کو مضبوط بنانا، پائیدار پیداوار کے نئے رجحانات سے آگہی، اور کاربن کے کم اخراج کے ساتھ ترقی کے لیے جدت کو فروغ دینا ہے۔ یہ کانفرنس حکومت، صنعت، تعلیمی اداروں اور ترقیاتی شراکت داروں کے درمیان باہمی تعاون کو مزید تقویت دیتی ہے.

X